لاہور(وقائع نگار)وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاہے کہ تنقید کرنے والے عناصر ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں،جو کبھی رکے گا نہیں،ہر ضلع کا علیحدہ ترقیاتی پلان متعلقہ ار کان قومی و پنجاب اسمبلی مشاورت سے بنے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے اسلام آباد میں ارکان قومی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں، جاری فلاح عامہ کی سکیموں اورترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت پر بات چیت ہوئی،ارکان نے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا جن کے حل کیلئے وزیراعلیٰ ے موقع پر ہی ہدایات دیں اورکہا کہ ہر ضلع کا علیحدہ ترقیاتی پلان متعلقہ اراکین قومی و پنجاب اسمبلی مشاورت سے بنے گا، تنقید کرنے والے عناصر ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں،جو کبھی رکے گا نہیں۔اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، صرف نان ایشوز پر سیاست چمکائی جا رہی ہے ۔ عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلانے کا دور گز رچکا ہے ۔ار کان اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے منتخب نمائندوں کوجو عزت و احترام دیا ہے اس کا ماضی میں تصور بھی محال تھا۔ ملاقات کرنے والوں میں محمد امجد فاروق خان کھوسہ، سردار جعفر خان لغاری، سردار محمد خان لغاری، سردار ریاض خان مزاری، نیاز احمد جھکڑ، ملک محمد احسان اﷲ ٹوانہ، محمد شبیر علی، مخدوم سمیع الحسن گیلانی، ملک عبدالغفور وٹو، جاوید اقبال وڑائچ، سید مبین احمد، غلام بی بی بھروانہ، ثناء اﷲ مستی خیل، طاہر اقبال اور دیگر شامل تھے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ جمہوری اقدار کی مضبوطی شفاف الیکشن میں مضمر ہے ۔نوٹوں کے ذریعے ووٹ خریدنا قابل مذمت اورغیر جمہوری عمل ہے ۔سینٹ الیکشن میں منڈیاں لگانے والوں کے ارمان کبھی پورے نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف سینٹ کی اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئے گی۔ اپوزیشن کا بیانیہ پٹ چکا ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے لاہورپریس کلب کے لائف ممبر سینئر صحافی محمد انیس الرحمن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔