نئی دہلی(کے پی آئی) بھارتی خفیہ ادارے را کے سابق سربراہ اے ایس دلت نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام حل طلب معاملات کی کنجی کشمیر ہے ۔کے پی آئی کے مطابق بھارتی اخبار ٹربیون میں لکھے گئے مضمون میں دلت نے کہا کہ معاملات کے حل کیلئے بھارت ایک قدم آگے بڑھانا چاہتا ہے تو پاکستان دو کے لئے تیار ہوگا۔ ہر طرف سے آنے والے ہر پیغام سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان امن کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو کسی بھی چیز سے زیادہ امن کی خواہش ہے ۔اے ایس دلت نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے معاملے پر بھی پاکستان سے صلح ہو سکتی ہے ۔ پاکستان لائن آف کنٹرول پر تصفیہ کیلئے اتفاق رائے کیلئے کام کر رہا ، اس معاملے پر منموہن سنگھ اور جنرل پرویز مشرف قریب آگئے تھے ۔ جنرل مشرف نے ہمیشہ سے یہ بات پیش نظر رکھی کہ جو کچھ بھی کشمیریوں کیلئے قابل قبول ہے وہ پاکستان کو قبول ہوگا۔ پاکستان جو بلا شبہ آرٹیکل 370 کے خاتمے سے چونک گیا تھا ، اب آرٹیکل 370 اور 35A پر صلح ہو سکتی ہے ۔ یاد رہے اے ایس دلت بھارتی وزیر اعظم کے دفتر میں جنوری 2000 سے مئی 2004 تک خدمات انجام دے چکے ہیں ۔