اسلام آباد (خبر نگار) سپریم کورٹ نے سینٹ الیکشن میں صوبہ سندھ سے پی ٹی آئی کے امیدوار سیف اللہ ابڑو کی اہلیت کے خلاف درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر شاہد علی رند کی درخواست نمٹا کر سیف اللہ ابڑو کو سینٹ الیکشن لڑنے کی اجازت دی اور آبزرویشن دی کہ الیکشن کے بعد درخواست گزار داد رسی کے لیے متعلقہ فورم سے رجوع کرسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ سیف اللہ ابڑو سندھ سے ٹیکنو کریٹس کی نشست پر پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں اور شاہد علی رند نے سیف اللہ ابڑو کی اہلیت کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ امیدوار ٹیکنوکریٹ کی تعریف پر پورا نہیں اترتے ۔