کراچی(آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر برائے آبی امور فیصل واوڈا کے خلاف اپوزیشن لیڈرشہباز شریف کی درخواست مسترد کردی، شہباز شریف نے کراچی کے حلقہ این اے 249 میں فیصل واوڈا کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔شہباز شریف نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ فیصل واوڈا کو 35 ہزار 349 جبکہ مجھے 34 ہزار 626 ووٹ ملے ،ہمارے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 نہیں دیئے ، بیشتر پولنگ سٹیشنز پر سادہ کاغذ پر نتائج تھما دیئے گئے ، کئی فارم 45 پر پریزائیڈنگ افسر کے دستخط بھی نہیں تھے ۔سندھ ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں فیصل واوڈا نے شہباز شریف کو بے ایمان قرار دیتے ہوئے کہا ن لیگ کی پوری قیادت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کیا،شہباز شریف نے الیکشن ہارنے کے بعد رونا رویا اور عدالت گئے ، ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، کسی کی گیڈر بھبکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، مولانا فضل الرحمان کا وزن کم کرنے کے لیے اڈیالہ اور اٹک جیل میں ایکسرسائز مشین رکھ رہے ہیں۔