تخت بھائی ( نمائندہ 92 نیوز) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ حکومت نے کشمیر انڈیا کے حوالے کر دیا اور اب کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے لئے آئے روزلوگوں کو بے وقوف بنا کر ریلیاں نکالنے کے احکامات دے رہی ہے ۔اسلام آباد لاک ڈاؤن کا فیصلہ اٹل ہے اور کسی بھی صورت احتجاج سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ تخت بھائی میں جمعیت علماء اسلام کے رہنما اقبال اعوان کے بھائی الیاس اعوان کی رسم نکاح تقریب کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد دھرنے کے انتظامات کے لئے مختلف کمیٹیاں بنائی ہیں ۔صوبائی و ضلعی سطح پر قائدین کارکنوں سے رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہاکہ دھرنے والوں کو کنٹینر فراہم کرنے والے لوگ اب کدھر چھپ گئے ہیں؟عمران خان فوری طور پر استعفیٰ دیں بصورت دیگر اسلام آباد لاک ڈاؤن سے انہیں چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔انہوں نے کہاکہ اپنوں کو نوازنے کے لئے حکومت نے 300ارب روپے کے قرضے معاف کردیئے ،اب عوام کی آنکھوں میں دھول ڈالنے کے لئے آرڈیننس واپس لینے کی باتیں ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ عوام حکومت کی اصلیت سے باخبر اور اکتوبر میں گھروں سے نکل کر حکمرانوں کو ملک بدر ہونے پر مجبور کرے گی۔فضل الرحمان نے کہاکہ اسلام آباد لاک ڈاؤن کے لئے دیگر سیاسی جماعتیں بھی رابطے میں ہیں ۔ انہوں نے الیاس اعوان کا نکاح بھی پڑھایا ۔