لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) صوبائی وزیر اوقاف صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ اسوۂ رسول ﷺ کی پیروی کامیابی کی ضمانت ہے ۔انہوں نے کہا دنیا میں نسلی ،علاقائی ،لسانی اور ثقافتی جھگڑے زور پکڑ رہے ہیں ، دنیا تعصبات اور باہمی استحصال کی طرف بڑھ رہی ہے ان حالات میں نبی اکرم ﷺ کے ان ارشادات کو عام کرنے کی ضرورت ہے ،جس میں انہوں نے عربی پر عجمی اور عجمی پر عربی کی فضلیت کا خاتمہ کیا ،کالے اور گورے کو ایک صف میں کھڑا کیا ،مواخات کا عظیم نظام اور معاشرتی مساوات کا خوبصورت تصوّر دنیا کو عطا کیا۔ ان خیالات کا اظہارنے محکمہ اوقاف ومذہبی امور کے زیر اہتمام منعقدہ صوبائی سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا رسول ﷺنے امن کو ہمیشہ ترجیح دی ، حالت جنگ میں بھی دھوکہ اور وعد ہ خلافی کی ممانعت کی۔دریں اثنا گورنر پنجاب چوہدری محمد سرو ر نے کانفرنس سے خطاب میں کہا نبی کریم ﷺ نے سب کو بلا تفریق معاف کر کے تاریخ رقم کی،وزیراعظم پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنا چاہتے ہیں اس حوالے سے علماء مشائخ، میڈیا کے ساتھ ساتھ تمام طبقات کو بحیثیت قوم ایک پیج پر آنا ہو گا ،قرآن مجید مکمل ضابطہ حیات ہے یورپی ممالک ،امریکہ سمیت دیگر کو دیکھ لیں جنہوں نے غیر مسلم ہو کر قرآن مجید کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر کیا کچھ حاصل نہیں کر لیاجبکہ ہم نے قرآن مجید کو الماری کی زینت بنا دیا ہے ، برطانوی پارلیمنٹ میں جب سب بائیبل پر حلف اٹھا رہے تھے تو میں نے بطور مسلمان قرآن مجید پر حلف اٹھایا اور وہ قرآن مجید آج بھی برطانوی پارلیمنٹ میں موجود ہے نیتیں صاف ہوں تو اﷲ تعالی کی مدد حاصل ہو جاتی ہے ۔مزید براں سیرت نگاری پر حافظ محمد سعدا ﷲ جبکہ اُردو نعتیہ شاعر ی میں راجا رشید محمود کو اوّل انعام ،ڈاکٹر محمد سعد صدیقی ،ڈاکٹر محمد سلطان شاہ ،مفتی محمد اسحاق ساقی ،مولانا محمدعارف سیالوی اور آصف اعجاز کو ان کی خدمات کے اعتراف میں "سیرت ایوارڈ"بھی عطا کیے گئے ۔