اسلام آباد،راولپنڈی (سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجو ہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے اور معاشی ترقی کیلئے عالمی اتحاد ضروری ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے پاکستان اور افغانستان کے لیے برطانیہ کے خصوصی نمائندے نائیجل کیسی نے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی سمیت افغانستان کی حالیہ صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ملاقات کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان عالمی و خطے کے امور میں برطانیہ کے کردار کو اہمیت دیتا ہے ، برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعاون میں اضافے کے خواہاں ہیں، افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے ،افغان عوام کی معاشی بہتری کے لیے مربوط کوششیں کرنا ہوں گی۔برطانوی نمائندے نے افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی، انہوں نے بارڈر مینجمنٹ اور علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون بڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔دریں اثنا قطری بحریہ کے کمانڈر میجر جنرل عبداللہ ابن حسن السلیطی نے بھی آرمی چیف سے ملاقا ت کی جس میں دوطرفہ دفاعی امور اور خطے میں سلامتی کی صورت حال پر گفتگو کی گئی۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، پاک فوج بھی قطر کی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی اور سکیورٹی تعاون بڑھانے کی خواہاں ہے ۔