نیویارک (ندیم منظور سلہری سے ) امریکہ میں مقیم سکھ بزنس کیمونٹی نے اعلان کیا ہے کہ بھارت کی بجائے اب وہ پاکستان میں کئی ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کریں گے اس مقصد کے لیئے اگلے ماہ کاروباری شخصیات کا 20 رکنی وفد پاکستان جائیگا وہاں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کر کے انہیں کرتارپور میں ہوٹل اور دیگر تعمیراتی پراجیکٹس تعمیر کرنے پر اپنی دلچسپی کا اظہار کریگا۔ کیلیفورنیا کی کاروباری شخصیات بلبیر سنگھ ڈھلو، سردار مکھن سنگھ ، سردار بپن سنگھ ، نیوجرسی سے جتیبدر نیجر، جے پال سنگھ، نیویارک سے بلویندر سنگھ ، چرن سنگھ ، پرم جیت سنگھ، ہرجیندر سنگھ اور سکیندر نرمن سنگھ نے " روزنامہ 92 نیوز " سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران حکومت نے کرتار پور راہداری کھول کر دنیا بھر میں رہنے والے سکھوں کے دل جیت لئے ۔ پاکستان کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کیلئے اب دنیا بھر میں مقیم سکھ بزنس کیمونٹی اپنا کردار ادا کرینگے ۔ امریکہ میں سکھوں کے رہنما ڈاکٹر امرجیت سنگھ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کرتارپور گردوارہ کا افتتاح کر کے تاریخ رقم کرینگے جب تک دنیا میں ایک بھی گرونانک کا سچا سپاہی زندہ ہے وہ پاکستان کا احسان زندگی بھر نہیں بھولے گا۔