لاہور( جنرل رپورٹر) کرن ویلفیئرفاونڈیشن اور انر وہیل روٹری پرل کلب کے زیر اہتمام مارس انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز فار وویمن میں خواتین میں چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد ہوا جس میں طالبات‘خواتین اساتذہ اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔معروف سائیکالوجسٹ ڈاکٹر عصمت لغاری نے چھاتی کے کینسر سے متعلق لیکچر دیا۔صدر کرن ویلفیئرفاونڈیشن روبی ہاشم‘ پرنسپل مارس انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز فار وومن ڈاکٹر حافظہ صبا حسین‘صدر انر وہیل روٹری پرل کلب نوشابا پرویز‘عافیہ علی خان‘ڈائریکٹراویرنیس پروگرام ماہم الفت اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ڈاکٹر عصمت لغاری نے کہا کہ خواتین میں چھاتی کا کینسر بڑھ رہا ہے ‘ اس کو کم کرنے کیلئے آگاہی پروگرام منعقد ہونے چاہئیں، ماں باپ کے بعد ہم استاد سے سیکھتے ہیں‘ یونیورسٹیوں‘ کالجوں اور سکولوں کے اساتذہ کو چاہئے کہ وہ طلباء کو اس بیماری کے متعلق آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی خاتون کو یہ بیماری لاحق ہو جائے تو فوری طور پر اس بیماری سے متعلق اپنے مکمل ٹیسٹ کروائیں۔