لاہور(نمائندہ خصوصی سے )پاکستان میں بسنے والے ہندو اور سکھ بھی آج شایان شان طریقہ سے جشن آزادی منائینگے ، لاہور سمیت ملک بھر کے تمام فنکشنل مندروں اور گوردواروں پر قومی پرچم لہرا دیئے گئے جہاں آج متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کی جانب سے جشن آزادی کی مناسبت سے کیک بھی کاٹے جائینگے اور ملکی تعمیر و ترقی میں غیر مسلموں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق سرکاری تعطیل کے باوجود وزیر اعظم عمران خان کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے جشن آزادی کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کی غرض سے چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد،سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق خان وزیر، ڈپٹی سیکرٹری شیرائنز محمد عمران گوندل، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید فراز عباس و دیگر نے لاہور، ننکانہ صاحب، راولپنڈی، پشاور، حسن ابدال، کراچی، اندرون سندھ سمیت دیگر مقامات پر فنکشنل گوردواروں اور مندروں کی انتظامیہ اور پنڈتوں کیساتھ رابطے کئے اور جشن آزادی کی تقریبات کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دی ۔متروکہ وقف املاک بورڈ کے معتبر ذرائع کے مطابق آج14اگست کی صبح کا آغاز خصوصی محافل سے ہو گا جن میں ملک و ملت کی سر بلندی اورسلامتی کیلئے نہ صرف دعائیں کی جائینگیبلکہ ملک کے غٖیر مسلم شہری ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہ کرنے کا از سر نو عہد بھی کرینگے ۔