لاہور(سپورٹس رپورٹر) سائوتھ ایشین گیمز 2019 ، پاکستان نے ہینڈ بال کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو ہرا کر سونے کا تمغہ جیت لیا۔ نیپال میں جاری سائوتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے ہینڈ بال کے فائنل میں بھارت کو سخت مقابلے کے بعد 30-29 گول سے شکست دی اور طلائی تمغہ حاصل کیا، اس موقع پر کھلاڑیوں نے شاندار جشن منایا اور بھنگڑا بھی ڈالا۔ دوسری طرف پاکستان کے ٹاپ ریسلر محمد انعام بٹ نے بھی 13ویں سائوتھ ایشیئن گیم میں طلائی تمغہ جیت لیا جس پر قوم نے خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ اتوار کو نیپال سے موصولہ اطلاعات کے مطابق قومی ریسلر محمد انعام بٹ نے 92کلوگرام کے مقابلے میں نیپالی ریسلر سموت کمار کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ پہلے رائونڈ میں انہیں 4-6سے شکست ہوئی تاہم دوسرے رائونڈ میں محمد انعام نے ڈبل لیگ تکنیکس استعمال کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ واضح رہے کہ انعام بٹ نے ریسلنگ میں پاکستان کے لئے تیسرا گول میڈل جیتا ہے۔دوسرے ریسلر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں محمد بلال اور عمیر بٹ نے چاندی کے تمغے جیتے ہیں۔ پاکستان کے محمد نوح دستگیر بٹ اور ہنزلہ دستگیربٹ نے بھی سائوتھ ایشین گیمز کے ویٹ لفٹنگ ایونٹ میں اپنی اپنی کیٹگریز میں سونے کے تمغے جیت لئے ہیں ۔