لاہور(کرائم رپورٹر،کامرس رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ،ایجنسیاں )وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پی ڈی ایم مسترد شدہ عناصر کا ٹولہ ہے اور یہ عناصر ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں جبکہ پولیس اور بلوچ لیویز میں بھرتیوں کی منظوری دیدی۔تفصیل کے مطابق وزیر اعلیٰ نے کہاکہ پنجاب پولیس میں مزید 10300کانسٹیبل بھرتی کئے جائیں گے جبکہ بلوچ لیویز میں 378بھرتیاں ہوں گی۔ تمام بھرتیاں 100فیصد میرٹ پر ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ امن عامہ کی صورتحال میں بہتری کو یقینی بنانے کیلئے پولیس میں مزید بھرتیاں کی جا رہی ہیں اور امن وامان کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلوچ لیویز میں بھرتیوں سے راجن پور اورڈیڑہ غازی خان کے قبائلی علاقوں میں لاء اینڈ آرڈر میں بہتری آئے گی۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سے رکن صوبائی اسمبلی چودھری اشرف علی انصاری اور چودھری یونس انصاری نے ملاقات کی اوروزیر اعلیٰ عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا۔ملاقات میں اپوزیشن کے ریاست مخالف بیانیہ کی مذمت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ لوٹ مار کر کے ذاتی تجوریاں بھرنے والے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے ۔تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے ۔اپوزیشن کا شرانگیز بیانیہ بری طرح پٹ چکا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان 22 کروڑ عوام کے دل کی آواز ہیں۔