اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان سمیت دنیا بھر میں اقوام متحدہ کی اپیل پر آج آبادی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے تاکہ اقوام عالم کو باور کرایا جا سکے کہ بڑھتی ہو ئی آبادی کے مسائل اور معاشرتی زندگی پر اس کے کیا اثرات ہیں۔ وزرات نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشن اینڈ کوارڈینیشن کے زیر اہتمام آج اسلام آباد میں ایک قومی کانفرنس کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جس میں وزیرمملکت برائے صحت کے علاوہ عالمی اداروں کے نمائندوں اور ماہرین آبادی شرکت کریں گے ۔ کانفرنس میں اس عہد کی تجدید کی جائے گی جو 25 سال قبل 1994 قاہرہ میں آبادی اور ترقی کے موضوع پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں کیا گیا تھا، وزرات نیشنل ہیلتھ سروسزکے زیر اہتمام اس دن کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے اخبارات، ریڈیو، ٹیلی ویژن ان مسائل کو اجاگر کریں گے ۔