لاہور( این این آئی) صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں انڈسٹریل اسٹیٹس،صنعتی مراکز اور سپیشل اکنامک زونز میں توانائی کی ضروریات کے حوالے سے اقدامات اور مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جہانزیب برانہ،چیئرمین پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی شعیب زاہد اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران انڈسٹریل اسٹیٹس میں کیپٹیو پاور پلانٹ کے ذریعے بجلی کی فراہمی کے معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس کی کالونائزیشن ہمارے انڈسٹریل ڈویلپمنٹ پلان کا اہم جز ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے کے مختلف حصوں میں نئے صنعتی مراکز، انڈسٹریل اسٹیٹس اور سپیشل اکنامک زونز کے قیام کی حکمت عملی بنا لی ہے اور اس حکمت عملی پر عمل کرنے سے صوبے میں صنعتی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کو سرمایہ کاروں اور صنعتوں کاروں کے لئے ایک پرکشش مقام بنائیں گے ۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صنعتوں کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے پاور جنریشن سیکٹر میں نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے ۔