ممبئی (نیٹ نیوز) نامور صحافی سے بدتمیزی کرنے پر بھارتی صحافتی تنظیم نے ادا کارہ کنگنا رناوت کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کر دیا ۔ کنگنا رناوٹ فلم 'ججمنٹل ہے کیا' کے میوزک لانچ کی تقریب میں شریک تھیں کہ جسٹن راؤ نامی صحافی نے کنگنا رناوت سے فلم کے حوالے سے سوال پوچھنا چاہاتاہم کنگنا نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے سوالات کا جواب نہیں دیں گی کیوں کہ وہ اس سے قبل ان کی فلم 'منی کارنیکا' کے خلاف بھی غلط باتیں تحریر کرتے آرہے ہیں۔کنگنا رناوت نے جسٹن کی سوچ کو منفی کہتے ہوئے کہا کہ وہ میرے دشمن بن چکے ہیں اور میرے بارے میں گھٹیا باتیں لکھ رہے ہیں تاہم اس دوران جسٹن کنگنا کی جانب سے لگائے الزامات کو بے بنیاد ٹھہراتے رہے جبکہ انہوں نے کنگنا سے ان الزامات کے ثبوت بھی مانگے ۔رپورٹر نے کنگنا رناوت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ انداز صحیح نہیں، اگر آپ ایک طاقتور مقام پر بیٹھی ہیں اس کا یہ مطلب بالکل نہیں کہ رپورٹرز کو ڈرائیں۔واقعہ پر صحافتی تنظیم نے فلم کی پروڈیوسر ایکتا کپور سے مطالبہ کیا کہ کنگنا رناوت کو رپورٹر سے معافی مانگنی ہوگی اور ایسا نہ ہونے پر وہ کنگنا رناوت کو اس فلم کی تشہیر کے دوران کوئی میڈیا کوریج نہیں دینگے دوسری جانب کنگنا رناوت کی بہن اور منیجر رنگولی نے اپنی ایک ٹویٹ میں صحافتی تنظیم کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یہ واضح کردیا کہ کنگنا کسی سے بھی معافی نہیں مانگیں گی۔