اسلام آباد، سیالکوٹ(خصوصی نیوز رپورٹر ، ڈسٹرکٹ رپورٹر) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جان لیں کہ بلاول کے بیان کا مطلب ہے ’’جاگدے رہنا ، ساڈے تے نہ رہنا‘‘۔انہوںنے ٹویٹکیا کہ بلاول چاہتے ہیں دھرنا مولانا اور ان کے مدارس کے بچے دیں اور وہ بلٹ پروف گاڑی سے اتر کر کرسی پر بیٹھ جائیں، پہلے ہی کہا تھا اپوزیشن آپس میں سیاست کر رہی ہے ،اپوزیشن کو خود اپوزیشن سے خطرہ ہے ، مولانا صاحب ! مال بچاؤ پارٹیاں آپ کو قربانی کا بکرا بنانے کی سازش کررہی ہیں۔فردوس عاشق نے ایک اور ٹویٹکیا کہ عالمی برادری کا کشمیر کے مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا اوربھارت سے بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری کا مطالبہ کرنا مظلوموں کیلئے حوصلے کا باعث ہے ، جنیوا میں مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر 50 سے زائد ممالک کا مشترکہ اعلامیہ بھارت کیلئے آئینہ ہے ، یہ اعلامیہ وزیراعظم کی قیادت میں عالمی ضمیر جگانے کی ہماری مسلسل سفارتی کاوشوں کی کامیابی اور کشمیر کاز سے پختہ وابستگی کا ثبوت ہے ۔ قائد اعظم ؒ کی برسی پر بیان میںانہوں نے کہا قائد اعظم ؒنے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ کہا،قائد کے اس فرمان کی روشنی میں کسی بھی قیمت پر اپنی شہ رگ کی حفاظت کرینگے ۔ سیالکوٹمیںعاشورہ کی مناسب سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں کربلا کی یاد تازہ کر رہی ہیں ،ایک کربلا ،کربلا میں بپا تھی اور ایک کربلا آج مقبوضہ کشمیرمیں بپا ہے ، مودی یزیدی کردار ادا کر رہا ہے ، حق والے باطل سے گھبراتے نہیں بلکہ دب کر مزید ابھرتے ہیں ۔