اسلام آباد،راولپنڈی(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان میں پاک ایران سرحد کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکہ میں ایف سی کے میجر سمیت 6 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ ایک سپاہی زخمی بھی ہوگیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق سکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ ٹیم مکران کے پہاڑی سلسلے میں معمول کے گشت سے واپس آ رہی تھی۔ سکیورٹی فورسز کے جوان دشوار گزار پہاڑی راستوں پر دہشتگردوں کی ممکنہ نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے گشت کر رہے تھے ، انکی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا۔ ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی حملہ ضلع کیچ میں پاک ایران سرحد سے 14کلومیٹر کے فاصلے پر بلیدہ میں کیا گیا۔ آئی ای ڈی حملے میں جنوبی بلو چستان کے میجر ندیم عباس بھٹی سمیت 6 اہلکار شہید ہو گئے ۔ شہداء میں نائیک جمشید، لانس نائیک تیمور، لانس نائیک خضر حیات، سپاہی ساجد اور سپاہی ندیم بھی شامل ہیں۔ آئی ای ڈی دھماکے میں ایک سپاہی زخمی بھی ہوا۔ڈی جی آئی ایس پی آرکے مطابق میجرندیم عباس بھٹی کاتعلق حافظ آباد، نائیک جمشید کامیانوالی،لانس نائیک تیمورکا تونسہ شریف ، لانس نائیک خضرحیات کا اٹک، سپاہی ساجد کا مردان اورسپاہی ندیم کاتعلق تونسہ شریف سے ہے ۔