لندن ( نیٹ نیوز)برطانوی ٹی وی شیف اور نامور میزبان نادیہ حسین نے انکشاف کیا کہ انہیں بچپن میں رشتہ دار نے جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق دی گریٹ برٹش بیک آف شو کی فاتح نادیہ حسین نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کے رشتہ دار نے انہیں 5 سال کی عمر میں جنسی ہراساں کیا جب وہ اپنی فیملی کے ساتھ بنگلہ دیش میں زندگی گزار رہی تھیں۔34 سالہ نادیہ حسین کے مطابق اس واقعے کے بعد پینک اٹیکس (گھبراہٹ کے دورے پڑنا) ہوتے تھے جبکہ خودکشی کرنے جیسے خیالات نے بھی ان کے ذہن میں جنم لیا۔کامیاب شیف کا کہنا تھا کہ جب انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا گیا تو اس وقت تک وہ یہ سب سمجھ نہیں سکیں، البتہ سکول میں سیکس ایجوکیشن حاصل کرنے کے بعد انہیں معلوم ہوا کہ ان کے ساتھ کیا واقعہ پیش آیا۔نادیہ کا کہنا تھا کہ اگر ایسا کچھ میرے بچوں کے ساتھ ہوا تو میں سوچ بھی نہیں سکتی کہ میں کیا کروں گی، اس لیے ان معاملات کے بارے میں بات کرنا ضروری ہے تاکہ لوگ سمجھ سکیں کہ یہ مسئلہ کتنا بڑا اور سنگین ہے ۔