کراچی(این این آئی)عالمی ریٹنگز ایجنسی موڈیزنے کہاہے کہ کم ٹیکس بیس، بیرونی قرض اور سودکی ادائیگی پاکستان میں مالی تنگی کا باعث بن رہی ہے ، بیرونی دبائو پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر پر اثر ڈالے گا۔ موڈیز نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ بیرونی دبائو پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر پر اثر ڈالے گا۔ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگز بی 3 معتدل قوت کی مظہر ہے ۔رپورٹ میں کہاگیاہے کہ مالیاتی اور سیاسی صورتحال معیشت پر اثر انداز ہوتی ہے ، فی کس آمدن اور عالمی اعتبار سے مسابقتی ماحول کافی کم ہے ۔اس سے قبل موڈیز نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی میں اضافہ معیشت کیلئے نقصان دہ ہوگا، دونوں ممالک میں معاشی اصلاحات جاری ہیں۔موڈیزکے مطابق ٹیکس وصولیوں میں اضافے اور مالیاتی اہداف کے حصول کیلئے کام ہو رہا ہے ، تاہم کشیدگی معاشی اصلاحات سے توجہ ہٹانے کا باعث بنے گی۔