لاہور،راولپنڈی(سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں، اپنے رپورٹرسے )قائد ن لیگ نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی برسی پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیاجس میں شائستہ پرویزملک، سائرہ افضل تارڑ، دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ پرویزملک، خواجہ عمران نذیر، مبشر جاویدودیگر نے جاتی عمرہ میں مرحومہ کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اپنے پیغام میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہابیگم کلثوم نوازہماری یادوں، دعائوں اور پاکستانی کی سیاسی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گی ،یہ دکھ ہمیشہ رہے گا کہ ایک اچھے انسان کو بستر مرگ پر بھی طنز کا نشانہ بنایا گیا،ان تمام کو اﷲ کے حضور معافی مانگنی چاہئے جنہوں نے ایک اچھے انسان کو دنیا سے رخصت ہوتے ہوئے بھی دعا کے بجائے طنز کا نشانہ بنایا۔شائستہ پرویز ملک نے کہا بیگم کلثوم نواز پرعزم، بہادر اور سچ کے لئے ڈٹ جانے والی خاتون تھیں۔ احسن اقبال نے ’’قائداعظم کا جمہوری پاکستان‘‘ کے عنوان سے سیمینار اور کلثوم نوازکی پہلی برسی پر خطاب میں کہا کلثوم نواز قائد اعظم کے نظریات کی سچی پیروکار تھیں، ہم بہتر سال بعد بھی آئین کی بالادستی کی جنگ لڑ رہے ہیں، عوام کے ووٹ کی بات کرنے والا کوٹ لکھپت جیل میں سزا کاٹ رہاہے ، نوازشریف قائد اعظم کا سپاہی بن کر کھڑا ہے تاکہ عوام کی حکمرانی سے ریاست کے نظام کو چلایاجاسکے ۔ آج ملک اقتصادی معاشی محاذ پر ہچکولے کھارہاہے ،موجودہ حکومت سارا قرضہ ہڑپ کر گئی، ملک سے سرمایہ اور سرمایاکار بھاگ رہاہے کیونکہ انہیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جاتاہے ، اگر اس تنزلی کو نہ روکا تو ایک یا دو سال بعدہمیں اپنی خود مختاری کا سودا کرنا پڑے گا، نوازشریف ووٹ کو عزت دو کے نظریے پر بڑی سے بڑی قربانی کے لئے تیار ہیں، مصنوعی دور ٹلنے والا ہے ۔پرویز رشید نے کہاجبر کے خلاف نواز شریف کی جدوجہد جاری رہیگی،مادر جمہورہت بیگم کلثوم نواز نے کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔راولپنڈی میں برسی تقریب سے خطاب میں حنیف عباسی نے کہا ن لیگ میں انتشار اور اختلافات کے خواب دیکھنے والے جان لیں شہباز شریف کبھی نواز شریف کا ہاتھ نہیں چھوڑے گا۔ بیگم کلثوم نواز سادگی ، محبت ، اپنے شوہر سے وفاداری ،اور کارکنوں کے ساتھ شفقت کا مثالی نمونہ تھیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کلثوم نواز صرف اپنے بچوں کی ہی نہیں بلکہ پوری قوم کی ماں تھی۔