لاہور(کامرس ڈیسک) پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی نے 1500ایکڑ پر بننے والے قائد اعظم بزنس پارک میں ٹیکسٹائل کے علاوہ دیگر صنعتی شعبوں کو بھی سرمایہ کاری کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے واضح رہے کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی طرف سے یہ دبائو تھا کہ اس بزنس پارک کو صرف ٹیکسٹائل کی صنعت تک محدود نہ کیا جائے بلکہ تمام سیکٹرز کو فیکٹریاں لگانے اور سرمایہ کاری کرنے کی اجازت دی جائے اس کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کا نام بھی قائد اعظم اپیرل پارک سے تبدیل کر کے قائد اعظم بزنس پارک کر دیا گیا ہے ، یہ فیصلہ پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چئیرمین نبیل ہاشمی کی صدارت میں بورڈ آف ڈائریکٹر ز کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں قائد اعظم بزنس پارک کی جامع منصوبہ بندی اور بزنس پلان کی بھی منظوری دی گی۔ اجلاس میں سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کی بجلی کی ضروریات پورا کرنے کیلئے -220کے وی کا گرڈ بنانے کی منظوری کے ساتھ اس مقصد کیلئے زمین مختص کرنے کے فیصلے کی منظوری دے دی گئی۔