بھٹ شاہ ، محمد نگر ، ہنگو، حبیب آباد ، سیالکوٹ، قصور (نامہ نگاران، نمائندہ 92 نیوز، ڈسٹرکٹ رپورٹرز) سندھ میں بھٹ شاہ میں قومی شاہراہ پر دو المناک حادثات کے نتیجے میں 12انسانی جانیں لقمہ اجل بن گئیں ، خواتین سمیت20افراد شدید زخمی ہوگئے ، نیو سعیدآباد کے قریب قومی شاہراہ پرپنجاب سے کراچی جانے والی تیز رفتار مسافر کوچ نے چنگ چی رکشے کو کچل دیا جس میں سوار11افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ3 شدید زخمی ہوگئے ، تین زخمیوں کی حالت نازک ہے ، جاں بحق ہونے والوں کا تعلق نیو سعیدآباد کے نواحی گاؤں پیر بخش کھوسو سے تھا، ہنگورجہ کے قریب کراچی سے سوات جانے والی تیز رفتار مسافر کوچ اوورٹیکنگ کرتے ہوئے آگے جانے والے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کوچ ڈرائیور 30 سالہ طاہر شاہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا ، 3 خواتین سمیت 17 زخمی ہوگئے ، پنجگور کے علاقے سرسنڈ کے قریب 2گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں آگ لگنے سے 4افرا د جھلس کرجاں بحق ہوگئے ۔ پتوکی کے مقامی صحافی بابا سرفراز کے عزیز صدیق اور انکا بھانجا زکریا کار پر لاہور ائیر پورٹ جا رہے تھے ، کار کنٹینر سے ٹکرائی، مسافر بس کار پر چڑھ گئی، دونوں چل بسے ، سیالکوٹ میں لوڈر گاڑی کی موٹرسائیکل کو ٹکر سے باپ وکٹر جاں بحق، اڑھائی سالہ بیٹا معجزانہ طور پر محفوظ رہا ، محمدنگر میں بس تلے آکر نہم کلاس کا طالب علم علی ثقلین جاں بحق ہوگیا۔