اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور(نامہ نگار،خصوصی نیوز رپورٹر،اپنے رپورٹرسے )اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور کے تاجروں نے حالیہ بجٹ کومستردکرتے ہوئے ہفتہ13 جولائی کو ملک بھر میں مکمل شٹرڈاون ہڑتال کی حمایت کردی۔ صدر مرکزی تنظیم تاجران کاشف چودھری نے تاجر تنظیموں کے اجلاس کے بعدمشتر کہ پر یس کانفر نس میں بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ 13 جولائی کو ملک بھر میں مکمل شٹرڈاون ہڑتال ہوگی، تاجر برادری کے مطالبات تسلیم ہو نے تک حکو مت سے کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں کیا جا ئیں گے ۔انہوں نے کہاہم نے 30جون کو حکومت کو چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری کیلئے 7 جولائی تک کی ڈیڈلائن دی تھی اور 32 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈپیش کیا مگر حکومت نے ہمارے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا،جس کی وجہ سے پورے ملک کی تمام تاجر تنظیموں نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا کہ 13 جولائی کو کراچی سے خیبر تک مکمل شٹرڈاون ہڑتال ہو گی ۔کاشف چودھری نے کہا حکومت نے ایک دن کی ہڑتال کے بعد بھی تاجروں کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو پھر مشترکہ طور پر غیر معینہ مدت کی ہڑتال اور احتجاج کا اعلان کریں گے ۔ اس موقع پر پاکستان ٹریڈر الائنس کے چیئر مین شیخ سلیم، تنظیم تا جران پنجاب کے صدر شر جیل میر، چیئرمین یونائیٹڈ گروپ حبیب اﷲ زاہد، ملک ظہیر، سردار طاہر، خورشید قریشی، اشفاق عباسی، آغا سراج ، یو سف راجپوت، ثاقب تاج عباسی، خواجہ خلیل سالار، حاجی وسیم، سجاد عباسی، شاہد گوندل اور دیگر تاجر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ادھرآل پاکستان مرکزی انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ اور سیکرٹری اطلاعات خالدچودھری نے اسلام آباد کی مختلف تاجر تنظیموں اور مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کا دورہ کیا اور13جولائی کو شٹرڈاؤن ہڑتال کی دعوت دی۔ اس موقع پر اجمل بلوچ نے کہا ہڑتال حکومت کے خلاف نہیں بلکہ تاجر دشمن آئی ایم ایف بجٹ کے خلاف ہے ۔وزیراعظم فوری طور پر تاجروں کی مشاورت سے بجٹ میں ترمیم کا اعلان کریں۔ تاجر بروز ہفتہ اپنا شٹر ہر صورت میں ڈاؤن کریں گے ۔گڈزکیریئر ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے ظالمانہ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف 13جولائی کو تاجروں کی احتجاج کی کال کی حمایت کردی۔دوسری جانب لاہورمیں انجمن تاجران رہنماؤں نعیم میر، ملک امانت، وقار احمد میاں،سہیل محمود بٹ، ملک کلیم، حاجی حنیف ودیگرنے کہا کہ 13جولائی کو ہر صورت ملک بھر میں شٹر ڈاون ہڑتال کی جائے گی، ظالما نہ ٹیکس کی واپسی تک حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہو ں گے ،حکومت چھوٹی تنظیموں سے رابطے کررہی ہے ، حکومت تاجر تنظیموں کوتوڑنا چاہتی ہے ،13جولائی کی ہڑتال سے قبل ہم مذاکراتی عمل میں نہیں جارہے ،کوئی گروپ مذاکراتی عمل میں جائے گا تو اس فیصلے کو تسلیم نہیں کیا جائیگا۔