راولپنڈی،سر ینگر ، اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک، مانیٹرنگ ڈیسک )پاک فوج کے ترجمان اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آرمیجرجنرل آصف غفور نے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کو عبرتناک شکست دینے پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے ۔انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ نیوزی لینڈ شاندار کامیابی کے نتیجے میں فائنل میں پہنچ گیا، یہ کامیابی نیوزی لینڈکو اعلیٰ اور بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ کارکردگی کے نتیجے میں حاصل ہوئی ہے کیونکہ نیوزی لینڈ ایک عظیم قوم کے ساتھ اعلیٰ اخلاقی اقدار کے حامل لوگ ہیں ۔ بھارت کی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست پر مقبوضہ کشمیر میں جشن منایا گیا ۔مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی شکست پر خوشی میں سینکڑوں کشمیری شہری سڑکوں پر آگئے اور بازاروں میں آتش بازی کی ، رقص کیا اور بھارت کیخلاف نعرے لگائے ۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف فتح پر نیوزی لینڈ کو پاکستان کی نئی محبت قرار دے دیا ۔انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کی نئی محبت، نیوزی لینڈ۔