تیونس سٹی(این این آئی)تیونس کے شہرالحمامات میں ہونے والی عرب معلم کانفرنس کے اختتام پرجاری اعلامیے میں اسرائیل کے ساتھ عرب ممالک کی دوستی کی کوششوں اور امر یکہ کے صدی کی ڈیل منصوبے کو آگے بڑھانے میں معاونت کو فلسطینی قوم کے ساتھ غداری کے مترادف قرارد یا ہے اور اسر ائیل سے تعلقات ختم کرانے کا مطالبہ بھی کیا ۔ کانفرنس میں اسرائیل کے ساتھ عرب ممالک کے تعلقات نارملائز کرنے کی ہرطرح کی کوششوں کا مقابلہ کرنے اور ہر شعبہ ہائے زندگی میں پوری عرب دنیا کے اندر امریکی، اسرائیلی گٹھ جوڑ کامقابلہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔اعلامیے میں کہا گیا کہ القدس صرف فلسطینی مملکت کا دارالحکومت ہوگا اور وادی گولان پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ ختم کرکے اسے شام کے حوالے کیا جائے ۔ صدی کی ڈیل نامی امریکی منصوبے کو ناکام بنانے میں سیاسی قوتیں، پارلیمان، انسانی حقوق کی تنظیمیں، سول سوسائٹی اور دیگر ادارے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔