لاہور(میاں رئوف) پنجاب میں محکمہ پولیس میں سینئر اسامیوں پر تعینات جونئیر ملازمین کی فہرستوں کی تیاری شروع کردی گئی، آئی جی پنجاب کے حکم سے او پی ایس ملازمین کے حوالے سے 7نکاتی تفصیلات ایک پرفارمہ کی شکل میں مرتب کی جائیں گی، ذرائع کے مطابق پنجاب میں عوام کے جان و مال کے ساتھ ساتھ قومی املاک ، سیاسی و مذہبی شخصیات اور مذہبی مقامات کی سیکورٹی یقینی بنانے والے ادارے پولیس کو افرادی قوت کی قلت کا سامنا ہے ، آسامیوں کی تعداد کے برعکس ملازمین کم ہیں، بنیادی وجہ ملازمین کی مدت مکمل ہونے اور ان کا میڈیکل بنیادوں پر ریٹائرمنٹ پر چلے جانا ہے ، پنجاب پولیس اور اس کے ذیلی اداروں سپیشل برانچ و دیگر میں مشکلات موجود ہیں، کئی آسامیوں پر اس گریڈ کے ملازمین اور افسر دستیاب نہ ہونے کے باعث او پی ایس بنیادوں پر تعیناتیاں کرکے کام چلایا جا رہا ہے ، ایسے ملازمین اور افسر جو او پی ایس بنیاد پر کام کر رہے ہیں، ان کی فہرستیں تیار کی جائیں گی، جس میں ملازم کا نام، اس کا عہدہ، گریڈ، اپنے پے سکیل میں جس آسامی پر کرم کر رہا ہے اس کا سکیل، او پی ایس بنیادوں پر تعینات ہونے کا دورانیہ ، مذکورہ آسامی پر تعینات ملازم کی کارکردگی جیسی معلومات پرفارمہ کی شکل میں فراہم کی جائیں، متعلقہ آفیسر کے ریمارکس بھی شامل ہونے چاہئے ، ذرائع کے مطابق او پی ایس ملازمین کی فہرستیں تیار کرنے کے لئے 30یوم کی مہلت دی گئی ہے ۔