سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ گگلی ماسٹر کی پاکستان کرکٹ کے لئے بے شمار خدمات ہیں۔ انہوں نے 67 ٹیسٹ اور 104 ون دے میچز کھیلے۔ٹیسٹ میچز میں 1029 اور ون ڈے میں 641 رنز بنائے جبکہ ون ڈے میچز میں 132 اور ٹیسٹ میں 236 وکٹیں بھی لے رکھی تھیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر رہے۔ اپنے دورمیںانہوں نے کرکٹ کی بہتری کے لئے بے شمار خدمات سر انجام دیں۔ عبدالقادر نے ہمیشہ حق اور سچ کی بات کی، کرکٹ اور کرکٹرز کے حق میں ہمیشہ اصولی آواز بلند کرتے ۔ اس وقت بہت سارے کھلاڑی ان کے تربیت یافتہ ہیں۔ عبدالقادر نے لیگ اسپن کے فن کو نئی جدت دی۔ ان کی گیندوںپر ویون رچرڈ، گریگ چیپل، جیف بائیکاٹ جیسے بیٹسمین مشکل میں دکھائی دیتے تھے۔ وہ ورلڈ کلاس اسپنرہونے کے ساتھ ساتھ سچے اور کھرے شخص کے طور پر مانے جاتے تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے جب ڈیپارٹمنٹ کی ٹیموں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا تو عبدالقادر نے برملا کہا کہ ان ٹیموں کو بند کرنا بڑی غلطی ہو گی۔ وہ پی سی بی پر کھل کر تنقید کرتے تھے۔ یقینی طور پر ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ وہ نئی نسل میں پرانے فن کو زندہ کرنے والی شخصیت تھے۔ ان کے انتقال پر صدر پاکستان، وزیراعظم، آرمی چیف، چیئرمین پی سی بی سمیت ملکی اور غیر ملکی کرکٹرز نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل اور مرحوم کی مغفرت فرمائے۔