لاہور(نمائندہ خصوصی سے )جلو وائلڈ لائف پارک میں جانوروں کے کچھ انکلوژرز کی مخدوش حالت سے متعلق سوشل میڈیا کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے سیکرٹری جنگلات سے رپورٹ طلب کر لی۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ مخدوش حالت کے انکلوژر زکی مرمت کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کا فروغ اور تفریحی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے جلو وائلڈ لائف پارک میں بہتر اور پر کشش تفریحی سہولیات کی فراہمی سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر محکمہ جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری نے جلو پارک میں انکلوژرزکی مرمت و بحالی کے کام کی رفتار کو تیز کر دیا ہے اور ریچھ کے انکلوژر میں سایہ کیلئے شیڈ نصب کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر حصوں میں مرمت، رنگ و روغن اور تزین و آرائش کا کام جاری ہے ۔