سرینگر(این این آئی)غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی اہلیہ ڈاکٹر بلقیس شاہ نے تہاڑ جیل میں کورونا وائرس کے متاثرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر اپنے شوہر کی پیرول پررہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ڈاکٹر بلقیس شاہ نے ایک بیان میں تہاڑ جیل میں کورونا وائرس کے متاثرین کی بڑھتی ہوئی تعداد پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ شبیر شاہ کی بیرک میں موجود دیگر قیدیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور انہیں اب قرنطینہ میں رکھا گیا لیکن ایک ڈاکٹر ہونے کے ناطے اور کورونا مریضوں کا علاج کرتے ہوئے میں اچھی طرح جانتی ہوں کہ یہ دوسری لہر بالکل مختلف اور زیادہ خطرناک ہے ۔سب سے زیادہ پریشان کن بات یہ ہے کہ بہت سے قیدیوں اور جیل کے عملے کے ارکان کو کورونا وائرس ہوگیا تھا ، شبیر شاہ علیل ہیں لیکن کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے کوئی ان کی تیمارداری نہیں کررہا ۔