یبروت(آن لائن)حزب اﷲ نے اسرائیلی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی ڈرون اس کے ہاتھ میں ہے ۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرئیلی ڈرون لبنان کے جنوبی شہر رمیہ میں گرایا گیا ہے جو سرحد کے قریب واقع ہے مؤقر اسرائیلی اخبار ’یروشلم پوسٹ‘ نے اسرائیلی دفاعی فورس حکام کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ ان کا ایک ڈرون لبنان کی حدود میں گرا ہے ،اسرائیلی اخبار کے مطابق حزب اﷲ کے نشریاتی ادارے ’المنار ٹی وی‘ پر باقاعدہ ویڈیو دکھائی گئی ہے جس میں عربی زبان میں لکھا گیا ہے کہ تمھارا دفاعی نظام ہمارے لیے کوئی حیثیت نہیں رکھتا ہے ۔حزب اﷲ اور اسرائیلی افواج کے درمیان گزشتہ ایک ہفتے کے دوران فائرنگ کے متعدد واقعات رونما ہوئے ہیں۔ اس سے قبل اسرائیل نے بیروت میں حزب اﷲ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا جس کی عالمی ذرائع ابلاغ نے بھی تصدیق کی تھی۔