اسلام آباد(نیٹ نیوز ) وزیراعظم عمران خان نے حماد اظہر سے وفاقی وزیر ریونیو ڈویژن کا قلمدان واپس لیکر مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو دیدیا۔ وزیراعظم عمران خان نے منگل کے روز مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے ریونیو ڈویژن کا قلمدان لیکر حماد اظہر کو دیا تھا تاہم گزشتہ روز وزیراعظم نے ایک بار پھر حماد اظہر سے وفاقی وزیر ریونیو ڈویژن کا قلمدان لیکر واپس مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو دیدیا ۔کابینہ ڈویژن نے قلمدان تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق وزیراعظم نے حماد اظہر کو وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور ڈویژن مقرر کردیا جبکہ عبدالحفیظ شیخ سے اقتصادی امور ڈویژن کا قلمدان واپس لے لیا گیا۔ذرائع کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ریونیوڈویژن کاقلمدان واپس لیے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا جس کے بعد وزیراعظم نے فیصلہ واپس لے لیا۔