لاہور(نمائندہ خصوصی سے ،مانیٹرنگ ڈیسک ) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی وزیر اعظم کے اشاروں پر ناچنے والا نیب ظلم و نا انصافی کی ساری حدیں پار کر چکا ہے ۔ حمزہ شہباز کی گرفتاری پر ٹوئٹر پر رد عمل دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ایسا کرنے والے پہلے تاریخ کے قہر سے بچے ہیں اور نہ اب بچیں گے ۔انہوں نے کہا کہ حمزہ!سر بلند ہوکے رہنا، کٹھ پتلی تماشہ ختم ہونے کو ہے ان شا اﷲ!۔ انہوں نے مزید کہا کہ نالائق اعظم اور اس کی جعلی حکومت جو مرضی کرلے مسلم لیگ (ن) ہر صورت عوام کی آواز بنے گی۔ جیلیں حمزہ شہباز کے لئے نئی ہیں او رنہ ہی مسلم لیگ (ن) کے لئے ، ہم نے ڈکٹیٹر کے مظالم کا مقابلہ کیا ہوا ہے ، یہ ٹوٹی پھوٹی جعلی او آخری سانسیں لیتی حکومت تو ہے ہی ریت کی دیوار۔ بجٹ پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے مریم نواز نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ حکومت نے ا پنی نالائقی کا بوجھ آئی ایم ایف کے بجٹ کے ذریعے غریبوں پر ڈالدیا۔نااہل حکومت کا بجٹ غریب کا سانس لینا دشوار بنا دے گا۔یہ بجٹ پاکستان کو کئی سال پیچھے دھکیل دے گا۔نالائق اعظم کا ایک ایک دن غریبوں پر گہرے زخم لگا رہا ہے ۔