لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو کٹا پٹا اورلوٹا ہوا پاکستان دیا گیا، خزانہ خالی اورملک تباہ تھا،چیلنجز بہت زیادہ ہیں اوران کا عمران خان کو بھی پتہ ہے ، عمران خان ملک کو مسائل سے نکالنے کی جتنی کوشش کررہے ہیں، ایسا کسی نے نہیں کیا، انہوں نے سخت فیصلے کئے ، عوام کیلئے مشکلات ضرورہیں لیکن وقت گزر جائے گا۔پروگرام جواب چاہئے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہمارا اعتراض یہ ہے کہ آصف زرداری اورنوازشریف نے بیرون ملک کے جو دورے کئے ، ا ن پر ذاتی کام کئے ، نوازشریف کے 24 دوروں میں سے 20 نجی تھے لیکن سب کا خرچہ قومی خزانے سے اداکیا گیا۔پیپلزپارٹی کے رہنما سردار نبیل گبول نے کہا وزیراعظم عمران خان ایسے فیصلے کررہاہے جن کا ملکی مسائل سے کوئی تعلق نہیں، اس حکومت کی غلط پالیسی کی وجہ سے اداروں میں تصادم کی فضا ہے ، میں وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ مریم نواز کی طرف سے پیش کی جانے والی ویڈیو کسی پارٹی کے ایک شخص سے پانچ کروڑ روپے میں خریدی گئی جبکہ 3 دیگر ویڈیوز بھی پانچ پانچ کروڑ روپے میں خریدی گئی ہیں جو عورت چیئرمین نیب کے کمرے میں گئی اور ویڈیو بنائی اوراسکا تعلق بنتاہے ، ن لیگ نے کس پارٹی سے ویڈیو خریدی ، اس کا نام نہیں بتائوں گا، جن لوگوں نے عمران خان کو لانے میں بہت محنت کی ہے ، وہی انہیں ہٹائیں گے ۔ انہوں نے کہا اب اگرپی پی اورن لیگ نے ایک دوسرے کو دھوکہ دیا تو دونوں ڈوب جائیں گے ،ہمارا مقابلہ عمران خان سے نہیں بلکہ ان دیکھی طاقتوں سے ہے ،وہ ن لیگ کو توڑنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ، آج مریم نواز نے بھارتی بزنس مین کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ انکا سی ا ین این میں انٹرویو کرائیں۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا تنویر نے کہا حکومت کی کوئی پالیسی نہیں، عوام کا جینا مشکل ہوگیا، حساب کتاب دینے کی بات اگر آئی تو بہت دورچلی جائے گی، ہم نے کوئی ویڈیو نہیں خریدی ۔ انہوں نے کہا مریم نواز نے بھارتی بزنس مین جندال کو کوئی خط نہیں لکھا، یہ بالکل بے بنیاد ہے ۔ انہوں نے کہامیں نہیں سمجھتا کہ ہمارا کوئی ایک بھی رکن اسمبلی ادھر ادھر جائے گا۔