لاہور(کلچرل رپورٹر)چیئرمین برابری پارٹی پاکستان جواد احمد کا کہنا ہے کہ ڈینگی صحت کے ساتھ سماجی مسئلہ بھی ہے جس پر قابو پانے کیلئے کمیونٹی کو بھرپورکردار ادا کرنا ہوگا، تحریک انصاف کی حکومت احتساب کا نعرہ لگا کر عوامی ووٹوں سے اقتدار میں آئی مگر ان کا نعرہ صرف کاغذی نوعیت کا ہی ہے ،لوکل گورنمنٹ فنانس کمیشن کے قیام سے لوکل باڈیز الیکشن کا راستہ ہموار ہوگا مگر اس کمیشن میں اپوزیشن کو بھی مناسب نمائندگی ملنی چاہیے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں ٹریفک کی خلاف ورزی پر جرمانوں کی شرح بڑھانے کا جو فیصلہ کیا گیا ہے وہ صوبے کی غریب عوام پر بم گرانے کے مترادف ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے پارٹی ورکرز سے ملاقات میں کیا۔اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے مطابق ان کا اپنا 126روز کا دھرنا درست تھا مگر مولانا فضل الرحمان کا دھرنا آزادی مارچ عوام دشمنی اور انتشار پر مبنی ہے ۔ یہ بات درست نہیں کیونکہ جمہوری دورحکومت میں حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنا ہی جمہوریت کا حسن ہے مگر احتجاج کرنے والوں کو بھی عوامی مشکلات کاخیال رکھنا چاہیے ۔