کراچی،اسلام آبا د ( سٹاف رپورٹر،خبر نگار خصوصی ) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ موجودہ حکومت کا ہر گزرتا دن ملک کو سیاسی و اقتصادی تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے ، کٹھ پتلی حکومت نے ملک کو بدترین اقتصادی صورت حال میں دھکیل دیا ہے ، معیشت دیوالیہ ہونے کی نہج پر پہنچ چکی ہے ،جب ایک نااہل کو حکومت سونپ دی جائے گی تو ملک تباہی کی ایسی ہی صورت حال سے دوچار ہوگا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بلاول ہاؤس میں پیپلزپارٹی کے اہم مشاورتی ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں یوسف رضا گیلانی، پرویز اشرف، فرحت اللہ بابر، نیر بخاری، شیری رحمان، فیصل کریم کنڈی، ہمایوں خان، قمر کائرہ، چودھری منظور اور حسن مرتضیٰ نے شرکت کی ۔ شرکاء نے بدترین اقتصادی گراوٹ پر عمران خان کی ہٹ دھرمی پر مبنی ردعمل کی مذمت کی ہے اوراس امرپراتفاق کیا کہ عمران خان مہنگائی کا ایک ایسا سونامی لائے ہیں کہ جس میں قرضے بڑھ رہے ہیں اور تجارت گھٹ رہی ہے ، تمام ریاستی ادارے تباہی کے دہانے پر کھڑے ہیں ،ملک آج جن بحرانوں کا سامنا کررہا ہے ، عمران خان اس کے ذمہ دار ہیں ، سلیکٹڈ وزیراعظم مستعفی ہوں، پوری قوم سے اپنی غلطیوں کی معافی مانگیں اور ملک سے چلے جائیں ۔ ایک بیان میں پیپلز پارٹی رہنما شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال خود وزیراعظم بننے کے لئے پی ڈی ایم کو نقصان پہنچا رہے ہیں، انہوں نے سوال کیا کہ سندھ میں جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے اتحاد پر کب شوکاز نوٹس جاری ہوگا۔