رائے ونڈ ، لاہور ( نامہ نگاران )عالمی اجتماع کا دوسرا مرحلہ امیر جماعت مولانا نذرالرحمان اور دیگر علماء کرام کے فکر انگیز بیانات سے شروع ہوگیا ، علمائے کرام نے کہا ہے کہ اسلام اجتماعیت کا دین ہے جو جوڑ کا حکم دیتا ہے اور توڑ سے بچنے کی تلقین کرتا ہے ، اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوئے بغیر دنیا و آخرت میں نجات ممکن نہیں ، اﷲ سے دوستی کرلو ،ساری مشکلات سے نجات مل جائیگی ،اپنی زبان کو قابو میں رکھو ،مغفرت کیلئے سب سے بڑا عمل اپنی زبان سے کسی کو نقصان نہ پہنچائو ، خود کو اور اپنی نسلوں کو غیبت سے بچائو معاشرہ سلجھ جائے گا ،معاشرے میں امن قائم ہو جائے گا ، سارا دین اور ساری تبلیغ صرف دو عمل پر مشتمل ہے زبان کی حفاظت اور دل کا صاف ہونا ، زندگی کا جتنا وقت حضور اکرم ؐ کی محبت اور پیروی میں خرچ ہوگا وہی نفع کا سبب بنے گا ،دنیا کی محبت سے نجات حاصل کرلو کیونکہ زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں ،اپنے کپڑوں کو پاک رکھنے کیساتھ اپنے دلوں کو بھی صاف رکھو ، آج دنیا کی محبت میں دین کو فراموش کردیا گیا ہے ،مصائب اور آلام کے پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں جسکی سب سے بڑی وجہ مسلمانوں کے دلوں کا نفرتوں سے بھرا ہونا ہے ، اخلاق اسلام کی بنیادی اکائی ہے اگر اس کو ہی چھوڑ دیا تو پھر باقی معاملات کیسے پایہ تکمیل تک پہنچیں گے ، دنیا میں اگر کوئی نقل کرتا پکڑا جائے تو اسکو کمرہ امتحان سے نکال دیا جاتا ہے لیکن اگر کوئی آقائے کائنات ؐ کی نقل کرے تو اسکے لئے کامیابی ،کامرانی کی گارنٹی ہے ،نبی اکرمؐ کی سنتوں اور حرمت کے محافظ بن جائو ،دنیا بھی سنور جائیگی اور آخرت بھی ، ختم نبوت کے عقیدے کے بغیر سارے اعمال فارغ ہیں، اپنے عقیدوں کو درست کرلو ، نبی اکرم ؐ کے طریقے اور سنت کے بغیر کیا جانیوالا عمل غارت ہے ،نبی کریم ؐ کے ادب کے بغیر کوئی کامیابی نہیں مل سکتی ،عقیدہ ختم نبوت کو عام کرو ،گھروں میں بازاروں میں دوستوں میں محافل میں عام کرو ،اسی میں کامیابی ہے ۔ پہلے روز شرکا کی تعداد 2لاکھ سے بڑھ گئی ، اچانک سردی سے شرکا کو گرم کپڑے اور بستر خریدنے پڑ گئے ، نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے مقامی فیکٹریوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ مقامی سرکاری تعلیمی اداروں میں بھی دو روزہ تعطیل ہو گی ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے بھی اجتماع میں شرکت کی۔ دریں اثنا چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے کہاکہ سالانہ تبلیغی اجتماع2019 فیز ٹوکے موقع پراجتماع میں قافلوں کی صورت میں پہنچنے والی گاڑیوں کی آمدورفت اورپارکنگ کیلئے جامع ٹریفک پلان مرتب کیا گیاہے ، 10ڈی ایس پیز ،53انسپکٹرز،110پٹرولنگ افسران اور8سو سے زائد وارڈنز سمیت رانگ پارکنگ کے خاتمہ کیلئے فوک لفٹرز اور بریک ڈاؤن تعینات کئے گئے ہیں، رائیونڈ میں ایک کیمپ آفس،کنٹرول روم اور مانیٹرنگ روم بھی قائم کیا گیا ہے ، گوجرانوالہ سے آنے والی شرکا کی گاڑیوں کو کالا شاہ کاکوانٹرچینج سے موٹروے کے ذریعے ٹھوکر نیازبیگ بھجوایا جائیگا۔