وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں پنجاب میں ’’خدمت آپکی دہلیز پر‘‘ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت تمام محکمے سرکاری معمولات کے علاوہ عوامی خدمت کے مخصوص ٹاسک بھی پورے کرینگے۔ اس میں کوئی دورائے نہیں کہ سرکاری اداروں اور سرکاری ملازمین کا اصل کام ہی عوام کی خدمت ہے۔ اس کے لیے وہ مشاہرے، تنخواہیں اور وظیفے وصول کرتے اور قومی خزانے سے وسائل خرچ کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے حکومتی مشینری کو عوامی خدمت کے لیے متحرک کر کے احسن اقدام کیا ہے۔ جمہوری حکومتیں عوامی حمایت سے بنتی ہیں اور ان کے ثمرات کے سب سے زیادہ حق دار عوام ہی ہوتے ہیں۔ضروری امر یہ ہے کہ حکومت کے زیر ا نتظام تمام ادارے اپنے فرائض دیانتداری اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت انجام دیں،عوام کے لیے ترقیاتی منصوبے بنائیں او ر سرکاری اہلکارمعینہ وقت کے اندر ان پر عملدرآمد کر ائیں تا کہ عوام کو انکی دہلیز پر سہولتیں بہم پہنچائی جا سکیں۔ لہٰذا تمام کمشنروں، ڈی سی،آر پی اوز، ڈی پی اوز اور دیگر اعلیٰ افسران پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نا صرف وزیر اعلیٰ کے ’’خدمت آپکی دہلیز پر‘‘پروگرام پر تیزی سے عملدرآمد کر ا ئیں بلکہ اپنے دفاتر کے دروازے عوام کی فلاح و بہبود اور خدمت کے لئے کھول دیںتا کہ صوبے کو درپیش عوامی مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جا سکیں۔