لاہور(کامرس رپورٹر،خصوصی نمائندہ)صوبائی وزیرصنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب میں خواتین سرمایہ کاروں کیلئے علیحدہ سپیشل اکنامک زون بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے حکام کو ہدایت کی کہ خواتین کے لئے علیحدہ سپیشل اکنامک زون بنانے کے لئے ویمن چیمبرز کی مشاورت سے ایک ماہ کے اندر پلان بنا کر پیش کیا جائے ۔ صوبائی وزیر نے اس امر کا اعلان ایوان وزیراعلیٰ میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے زیراہتمام ویمن انٹرپرینیورشپ ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان، چیف ایگزیکٹو پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جہانزیب برانا، ویمن چیمبر کی اراکین اور خواتین سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر کوئی ملک اور معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ جب تک خواتین عملی میدان میں نہیں آئیں گی ملک کا نظام نہیں چل سکتا۔ پنجاب حکومت نے خواتین کو ترقی کے دھارے میں لانے کے لئے انقلابی پروگرام ترتیب دیئے ہیں۔ کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کے پروگرام کا آغاز اسی ہفتے کیا جا رہا ہے ۔ اس مقصد کے لئے کاٹیج انڈسٹری کو تین لاکھ روپے تک کے قرضے دیئے جائیں گے ۔ ہنرمند نوجوانوں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے 6ارب روپے کا بڑا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جس کے تحت بزنس پلان دینے والے ہنرمند نوجوانوں کو 30لاکھ روپے تک کے قرضے دیئے جائیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیرنے کہا کہ مولانا کے کنٹینر پر وہ لوگ چڑھے جنہوں نے 40سال تک غریب عوام کا خون نچوڑا۔ ان کی جائیدادیں اور اولادیں باہر ہیں۔ ان کا علاج بھی باہر ہوتا ہے ۔ یہ صرف پاکستان میں حکمرانی کرنے آتے ہیں۔