کراچی(کامرس رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی) کے تھنک ٹینک نے اہم ذمہ داریاں نبھانا شروع کردی ہیں اور یوبی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے یو بی جی کے تھنک ٹینک کواہم ترین ذمہ داریاں سونپتے ہوئے تجارتی حلقوں سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کردی۔تھنک ٹینک کے حوالے سے یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ ہمارا گروپ دسمبر2019میں ہونے والے ایف پی سی سی آئی انتخابات کیلئے تیار ہے اور مرکزی کور کمیٹی سمیت صوبائی کورکمیٹیوں نے الیکشن کے سلسلے میں ابتدائی مشاورت شروع کر دی ہے ۔ایس ایم منیر نے کہا کہ تاجروں ، صنعتکاروں، ایکسپورٹرز، امپورٹرز،اسمال ٹریڈرز ، ویمن انٹرپرینورز سمیت تمام شعبوں سے وابستہ بزنس مینوں کے مسائل کو اجاگرکرنے کیلئے ہم نے یو بی جی قیادت کو ٹاسک سونپ دیا ہے اور یو بی جی کے تھنک ٹینک کوبھی اہم ذمہ داریاں سونپ دی ہیں،یہ تھنک ٹینک زبیرطفیل اور خالدتواب کی سربراہی میں اپنا کام کررہا ہے ۔،ہم بزنس کمیونٹی کو متحد رکھ کر معاشی مضبوطی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ،ہمیں متحد رہ کر ہی ملکی ترقی وخوشحالی اور کاروباری برادری کے مفاد میں کام کرنا ہے ، ہم بزنس کمیونٹی کی سپورٹ سے ایف پی سی سی آئی کو مضبوط کرنے کیلئے آئے تھے اور ہمیں اس مقصد میں کامیابی ملی ہے ،ہمارے تمام ہی صدور نے توقعات سے زیادہ بزنس کمیونی کے مسائل حل کرانے کیلئے جدوجہد کی ۔انکا کہنا تھا کہ یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک اورمجھ سمیت ہمارے گروپ کا ہرکارکن ہر وقت بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے تجارتی حلقوں میں موجود اوررابطے میں رہتا ہے ، ہم نے چاروں صوبوں سمیت اسلام آباد میں یو بی جی رہنماؤں کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی ہیں تاکہ تاجر اور صنعتکارو ں کے مسائل کو یکجا کرکے انہیں فیڈریشن چیمبر آف کامرس کے ذریعہ حکومت تک پہنچا یاجاسکے ۔