لاہور، اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر، خصوصی نیوز رپورٹر) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے ایسٹر سنڈے کا تہوار منایا، ملک بھر میں ایسٹر تقریبات کا آغاز ہفتہ کی رات سے ہی ہوگیا تھا جسکے تحت گرجا گھروں پر چراغاں کیا گیا اور شمعیں روشن کی گئیں اور خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیااورملک و قوم کی سلامتی کی دعائیں مانگی گئیں، قبرستانوں میں اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول چڑھائے گئے ، ایسٹر سنڈے پر پوپ فرانسس نے پیغام دیا کورونا سے آئی تاریکیاں بھی چھٹ جائیں گی، ویٹی کن میں تقریب سے کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک نیا آغاز ہمیشہ ممکن ہوتا ہے کیونکہ انسان کی تمام تر ناکامیوں کے باوجود خدا پھر سے نئی زندگی دے سکتا ہے ، ٹوٹے دلوں سے فن تخلیق ہو سکتا ہے ، انسانیت کی باقیات سے تاریخ رقم کی جاسکتی ہے ، کورونا سے آئی تاریکیاں بھی چھٹ جائیں گی اور ہم ایک بار پھر روشنیوں میں زندگی گزار سکیں گے ۔ وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں مقیم مسیحی برداری کو اْن کے مذہبی تہوار ایسٹر کی مبارکباد دی ، وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنا خصوصی پیغام جاری کیا اور مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد پیش کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دی ، اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کیلئے مسیحی برادری کی قربانیاں اور خدمات قابل تحسین ہیں ، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہماری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ۔