لاہور(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار خصوصی، نمائندگان) لاہور سمیت مختلف شہروں میں کرونا وائرس سے بچائو کیلئے دوسرے روز بھی شہریوں نے اذانیں دیں اور دعائیں مانگیں۔راولپنڈی،اسلام آباد،پشاور،کراچی،نوابشاہ،ملتان،فیصل آباد،ہارون آباد،چشتیاں،میاں چنوں،سرگودھا،ٹبہ سلطان پور،فورٹ عباس،حافظ آباد،گوجرانوالہ،گجرات اور دیگر شہروں میں گھروں کی چھتوں، گلیوں اوربازاروں میں اذانیں دی گئیں ۔شہریوں نے درود پاک اور استغفار کاوردبھی کیا۔ مساجد میں مختلف اوقات میں کروناوائرس سے اقوام عالم بالخصوص امہ کو بچانے کیلئے رقت آمیز دعائیں مانگی گئیں۔92نیوز کی آواز پر قصور سمیت ضلع بھر میں کرونا وائرس کے خاتمے کے لیے اجتماعی اذانیں دی گئیں ،رات دس بجے مساجد اور مکانوں کی چھتوں پر لوگ اذانیں دے کر اللہ کی رحمت کے طلبگار رہے اورکرونا آفت دور کرنے کیلئے گڑگڑا کر دعائیں مانگتے رہے ۔شیخوپورہ میں گلوریا کالونی کے چرچ میں پہلی بار اذان کیساتھ ملک وقوم کی سلامتی اور کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے خصوصی دعابھی کی گئی۔جامعہ نعیمیہ، تنظیم اتحاد امت ،جمعیت علماء پاکستان اوردیگر جماعتوں کی اپیل پر اذانوں کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔علمائے کرام نے شہریوں سے روزانہ رات 10بجے چھتوں پر چڑھ کر اذانیں دینے کی اپیل اور حکومت سے سرکاری طور پر جمعۃ المبارک کوبطور’’ یوم توبہ‘‘ منانے کا مطالبہ کردیا۔