لاہور(جنرل رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے ،کرائم رپورٹر،92نیوزرپورٹ)پنجاب بھر میں ہفتہ شان رحمت للعالمینؐ مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے ۔گزشتہ روز بھی پنجاب کے تمام شہروں میں گلی گلی،نگر نگر محفلیں منعقد ہوئیں ۔کئی شہروں میں جیل خانوں میں بھی نعتیہ محفلیں منعقد کی گئیں ۔مختلف شہروں میں ضلعی انتظامیہ اور عوامی نمائندوں و وزراء کی زیرصدارت تقاریب منعقد ہوئیں ۔صوبے کے اکثر شہروں میں مساجد، درباروں و خانقاہوں پر چراغاں کیا گیا ہے اور عوام پورے جوش و خروش سے اپنے نبی کی ناموس کی حفاظت کا اعادہ کرتے رہے ۔قبل ازیں ایوان اقبال میں نعت، تقریری و کوئز مقابلے جیتنے والے طلبہ کے اعزاز میں تقریب کاانعقاد کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے صوبائی سطح پر سکولوں کے جیتنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے ۔وزیراعلیٰ نے طلبہ میں نقد انعام اور سرٹیفکیٹ دئیے ۔نعت مقابلے جیتنے والی طالبہ آمنہ اسلم نے ہدیہ عقیدت پیش کیا۔تقریری مقابلہ جیتنے والے طالبعلم سعد نے سیرت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی ۔ ندیم عباس،ماسٹر شہزاد اختر اور سکولوں کے طلبہ نے قصیدہ بردہ شریف پیش کیا۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہفتہ شانِ رحمت للعالمینؐ میں شرکت ہم سب کیلئے اعزاز ہے ،انہوں نے ہفتہ شانِ رحمت للعالمینؐ ہر سال منانے اور پنجاب کے ہرڈویژن کی سرکاری یونیورسٹیوں میں رحمت للعالمینؐ چیئر قائم کرنیکااعلان کرتے ہوئے کہاکہ رحمت للعالمین ؐ چیئر کے تحت محققین کو نبی کریمؐ کی سیرت اور تعلیمات پر تحقیق کر کے دنیا کے سامنے نئے پہلو روشناس کرانے کا موقع ملے گا۔ طلبہ کوسکالرشپ دینے کے لئے 25کروڑاور نادار طلبہ کی تعلیمی معاونت کے لئے بھی 25کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ صوبائی وزیرسکولز ایجوکیشن مراد راس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسوہ حسنہ پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔دریں اثنا جامع مسجد داتادربار میں شان رحمت للعالمین ؐ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ نبی کی محبت ایمان کی بنیاد اور زندگی کا اثاثہ و سرمایہ ہے ۔ مسلمان اپنے نبی کی شان میں ادنی سے ادنی گستاخی کا تصور بھی نہیں کر سکتے ۔علاوہ ازیں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف آپریٹنگ آفیسر کامران خان اورآپریشن کمانڈر ایس پی عاصم جسرا کے علاوہ پولیس کیمونیکیشن افسران واتھارٹی سٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ادھر کیمپ جیل لاہور میں بھی محفل میلاد ہو ئی جس میں آ ئی جی جیل خا نہ جا ت شا ہد سلیم بیگ ،جیل سپرنٹنڈ نٹ اسد وڑا ئچ ،مہمان خصوصی وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن نے شر کت کی ۔اس موقع پر وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے نعت کی صورت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔