لاہور(کرائم رپورٹر)رانا ثناء اﷲ کی گرفتاری کیخلاف انکی اہلیہ نے اقوام متحدہ سے رجوع کر لیا اورمعاملے کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق رانا ثنااﷲ کی اہلیہ نبیلہ ثنا نے اپنے وکلا کی مشاورت سے اقوام متحدہ کے ڈرگ اینڈ کرائم آفس کو خط بھجوا دیاہے ۔ دو صفحوں پر مشتمل خط میں نبیلہ ثنا کی جانب سے لکھا گیا ہے کہ میرے خاوند کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔اقوام متحدہ کا ڈرگ اینڈ کرائم سیل اس پر کمیشن بنائے ۔کمیشن آن نارکوٹکس اینڈ ڈرگز اس مشکوک واقعہ کی تحقیقات کرے ۔ریاست نے انکی گرفتاری کر کے ایک اچھی ساکھ کے ادارے اے این ایف کی بدنامی کی ہے ۔نبیلہ ثنا نے خط میں مزید موقف اختیار کیا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ذاتی اختلاف پر رانا ثنا کو گرفتار کرایاہے ۔رانا ثنا کو حکومت پر تنقید کرنے کہ وجہ سے ہی گرفتار کیا گیا۔ہمیں موجودہ حکومتی اداروں سے انصاف کی توقع نہیں ہے ۔ رانا ثنا اﷲ پہلے ہی کہہ چکے تھے کہ انکو قتل یا گرفتار کیا جائیگا۔رانا ثنا کی گاڑی میں موجود 4موبائل فونز،آئی پیڈ ،پرس اور 60 ہزار روپے بھی ہمیں نہیں دیئے گئے ۔