نئی دہلی ( نیٹ نیوز) بھارت کی متنازع شخصیت اور بالی وڈ اداکارہ راکھی ساونت والدہ کی کامیاب کینسر سرجری میں معاونت کرنے پر بالی وڈ سپر سٹار سلمان خان اور ان کے بھائی اداکار سہیل خان کی معترف ہو گئیں۔سوشل میڈیا پر راکھی کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ بتا رہی ہیں ان کی والدہ کا آپریشن ہو گیا اور ڈاکٹرز نے ان کی والدہ کے جسم سے ٹیومر نکال دیا ہے ۔ راکھی کے مطابق ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ اگر ان کی والدہ کو صحیح وقت پر ہسپتال نہ لایا جاتا تو ان کو بچانا مشکل تھا۔ویڈیو میں راکھی کو والدہ کے آپریشن میں مدد فراہم کرنے پر گھٹنوں کے بیٹھ گر کر سلمان خان کا شکریہ اداکرتے دیکھا جاسکتا ہے ۔راکھی کا کہنا تھا کہ سلمان بھائی نے انہیں والدہ کے آپریشن کے لیے بھارت کے سب سے بڑے ڈاکٹر اور کینسر سپیشلسٹ دئیے جس پر ان کی بے حد شکر گزار ہوں۔ راکھی ساونت نے سلمان خان اور سہیل خان کے لیے دعا کرتے ہوئے مزید کہا کہ میری تمام عمر سلمان اور سہیل بھائی کو لگ جائے جنہوں نے میری والدہ کو بچا لیا۔