اسلام آباد،لاہور ( خبر نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک) اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا جس میں نئے چیئرمین سینٹ کے نام کو حتمی شکل دی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ جانب سے راجہ ظفر الحق اور حاصل بزنجو کے نام زیر غور ہیںتاہم اعلان آج رہبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہو گا ، اجلاس میں صادق سنجرانی کے خلاف تحریک کی حکمت عملی بھی طے کی جائیگی۔ این این آئی کے مطابق صادق سنجرانی اپنے خلاف تحریک لانے پر متحرک ہوگئے اور مذکورہ قرارداد اور ریکوزیشن پر قانونی مشاورت شروع کردی۔وہ مشاورت کے بعد اپنی حکمت عملی طے کرینگے ۔دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں نے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ،اس موقع پر چیئرمین سینٹ کی تبدیلی اور نئے چیئرمین سینٹ کے ممکنہ ناموں پر مشاورت بھی کی گئی،دونوں رہنمائوں نے مل جل کر سیاسی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔