اسلام آباد (لیڈی رپورٹر،صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کی عبدالرشید غازی قتل کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اﷲ نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔ دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اﷲ نے کہا پرویزمشرف کے خلاف ایف آئی آر 2013 میں درج ہوئی، ابھی کیس کس سٹیج پر ہے ۔ سرکاری وکیل نے کہا چالان 2014 میں عدالت میں جمع ہوا۔چیف جسٹس نے استفسار کیا ٹرائل ابھی تک مکمل کیوں نہیں ہوا؟، پرویزمشرف عدالتی مفرور تو نہیں؟۔ سرکاری وکیل نے بتایا کچھ معلوم نہیں کہ ٹرائل ابھی تک مکمل کیوں نہیں ہوا۔بعد ازاں عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے سابق صدر کی درخواست کو مسترد کردیا۔