اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے ریلیف اقدامات کیلئے فنڈز فراہم کرنے کے ضمن میں ضابطے کی تمام رکاوٹوں کو دورکرنے کیلئے تمام کوششیں ممکنہ بنانے اوراس عمل کو سادہ مگر شفاف بنانے کی ہدایت کی ہے ۔یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں وزارت خزانہ میں کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے امدادی اقدامات کے ضمن میں فنڈز کے طریقہ کارکو سٹریم لائن کرنے کے ضمن میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی وزیراقتصادی امورحماداظہر، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرظفرمرزا، نیشنل ڈیزاسٹر اینڈ رسک مینجمنٹ فنڈ کے سی ای او، سیکرٹری وزارت خزانہ نوید کامران بلوچ، سیکرٹری اقتصادی امورڈویژن، سیکرٹری قومی صحت خدمات، اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمدافضل نے شرکت کی۔ اقتصادی امورکے وزیرمملکت حماد اظہر نے عوام کوریلیف کی فراہمی کیلئے فنڈز کی دستیابی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔نیشنل ڈیزاسٹر اینڈ رسک مینجمنٹ فنڈ کے سی ای او اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے وباء سے موثرطریقے سے نمٹنے میں ادویات اورآلات کی خریداری کیلئے حکمت عملی کے چیدہ نکات پیش کئے ۔اجلاس کے شرکاء نے وباء سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کی سطح بارے تفصیلات بتائی اوراس عزم کا اعادہ کیا کہ ضرورت کے اس وقت میں عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائیگا۔وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے ریلیف اقدامات کیلئے تمام ضابطے کی رکاوٹوں کو دورکرنے کیلئے تمام کوششیں ممکن بنانے ا وراس عمل کو سادہ مگر شفاف بنانے کی ہدایت کی۔