پنجاب حکومت اور فلور ملز کے مابین طے پا گیا ہے کہ رمضان بازاروں میں دس کلو گرام آٹے کا تھیلا 375روپے میں مہیا کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کے ملازمین آٹا اپنی نگرانی میں فروخت کریں گے۔ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں کل 309جبکہ لاہور شہر میں 32رمضان بازار لگائے ہیں۔ ان بازاروں میں کسی قسم کی اشیا کی کمی نہ ہونے دینے کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب بھر کی فلورز ملز کو 25ہزار میٹرک ٹن گندم روزانہ کی بنیاد پر دی جا رہی ہے جس میں لاہور کی فلور ملز کا کوٹہ 5500ٹن روزانہ ہے،اس سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں کہیں بھی آٹے کی کمی واقع نہیں ہو گی نہ ہی لوگوں کو بلیک میں مہنگے داموں آٹا خریدنا پڑے گا۔ حکومت اگر اس طرح دیگر ملز مالکان سے بھی بات چیت کر لے تو وہ وافر مقدار میں دستیاب ہوں گی اور خلق خدا کو بلیک میں مہنگے داموں چینی بھی نہیں خریدنی پڑے گی۔ اسی طرح دالوں ،سبزیوں اور دیگر اشیا کے بیوپاریوں سے بات چیت کر کے رمضان بازاروں میں ہر قسم کی اشیاء کی دستیابی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔ وزیر خوراک تمام کمشنروں سے رابطہ کریں اور انہیں اپنے اپنے اضلاع میں اسی طرح کام کرنے کا پابند کیا جائے تاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اشیاء ضروریہ کی مہنگے داموں فروخت کا خاتمہ کیا جا سکے۔