لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے رمضان شوگر ملز سے کسانوں کو ادائیگی نہ کرنے کیخلاف درخواست پر کین کمشنر پنجاب کو زیرالتوا درخواستوں پر جلد فیصلہ کرنیکا حکم دیدیا اور درخواست نمٹا دی۔گزشتہ روزجسٹس شاہد وحید کے روبرو درخواست گزار وں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ رمضان شوگر ملزکولاکھوں روپے کا گنا سپلائی کیا، گنے کا نیا سیزن شروع ہونیوالا ہے مگر پہلے سیزن کی رقم کی ادائیگی نہیں کی جا رہی ،متاثرہ کسان کسمپرسی اور مالی مشکلات کا شکار ہیں ۔کسانوں نے کین کمشنر اور رمضان شوگر ملز کی انتظامیہ کو درخواستیں دیں مگر شنوائی نہیں ہورہی ۔ عدالت کین کمشنر کو رقوم کی ادائیگی کیلئے اقدامات کرنیکاحکم دے ۔