اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وفاقی وزیرخزانہ حماداظہرنے ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو رمضان کے دوران ملک بھرمیں سٹوروں پراشیاکی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ مہنگائی پرقابوپاناحکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ گزشتہ روزوزیرخزانہ حماداظہرکی زیرصدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کااجلاس ہوا۔اجلاس میں گزشتہ ہفتے کے دوران روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا بالخصوص آٹا، چینی، گھی، مرغی اور انڈوں کی قیمتوں کا جائزہ لیاگیا۔منیجنگ ڈائریکٹریوٹیلیٹی سٹورزکارپوریشن نے کمیٹی کوبتایا کہ رمضان ریلیف پیکیج کے تحت ملک بھرمیں یوٹیلیٹی کارپوریشن کے سٹورز اورآئوٹ لیٹس پرشہریوں کوبنیادی ضرورت کی اشیا کی سستے داموں فراہمی کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔سیکرٹری خزانہ نے بتایاکہ گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.43 فیصد ہوئی۔ 12 اشیاکی قیمتوں میں کمی جبکہ 24کی قیمتوں میں استحکام رہا۔وزیرخزانہ نے صوبائی چیف سیکرٹریز کو چینی کی مقررہ قیمتوں کی سختی سے نگرانی کرنے کی ہدایت کی ۔ ایڈیشنل سیکرٹری صنعت وپیداوارنے بتایا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں کمی ہوئی ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں چینی کی قیمتوں میں ابھارپرقابوپانے میں مدد ملے گی۔سیکرٹری وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق نے بتایا کہ ملک بھرمیں گندم کے وافرذخائرموجودہیں۔ وزیرخزانہ نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کوآٹے کے نرخوں کی نگرانی کیلئے مناسب اقدامات کی ہدایت کی۔اجلاس میں صوبوں کی جانب سے گندم کی خریداری کیلئے منصوبے پیش کئے گئے ۔ وزیرخزانہ نے اس ضمن میں سختی سے ہدایت کی کہ صوبے وفاق کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے گندم خریداری کاعمل بروقت اورسہل اندازمیں مکمل کرنے کویقینی بنائیں۔ اجلاس میں حکومت پنجاب کی جانب سے رمضان میں شہریوں کورعایتی نرخوں پراشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے رمضان، سہولت بازاروں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیرخزانہ نے کہا کہ عام لوگوں کوزیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایاجائے ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر تحفظ سید فخرامام، معاون خصوصی محصولات ڈاکٹروقارمسعود، سیکرٹری خزانہ، ممبرمسابقتی کمیشن، ایم ڈی پاسکو اوردیگرحکام نے شرکت کی۔